لائف اسٹائل

شاہ رخ خان کی پاکستان کے حوالے سے جھوٹی خبر وائرل

جھوٹی خبر سے ہندوستان بھر میں ہنگامہ مچ گیا، ہزاروں لوگ پریشان ہوگئے۔

کچھ دن قبل ہی بولی وڈ کنگ شاہ رخ کی حادثے میں ہلاک ہونے کی جھوٹی خبر وائرل ہوئی تھیں، تاہم اب ایک بار پھر ان کے نام سے جھوٹی خبر وائرل ہوگئی۔

شاہ رخ خان کے حوالے سے بھارت میں سوشل میڈیا پر خبر وائرل ہوگئی کہ انہوں نے پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع بہاولپور میں آئل ٹینکر میں لگی آگ میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے امداد کا اعلان کردیا۔

سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا کہ شاہ رخ خان نے بہاولپور متاثرین کے لیے 45 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کے انتقال کی جھوٹی خبر وائرل

شاہ رخ خان کی جانب سے آگ میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے کئے گئے اعلان کی جھوٹی خبر بھارت میں سوشل میڈیا پر جنگل میں لگی آگ کی طرح پھیل گئی۔

ہندوستانی نشریاتی ادارے انڈیا ٹی وی نے اس خبر کی تصدیق کے لیے جب شاہ رخ خان کی میڈیا ٹیم سے رابطہ کیا تو پتہ چلا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر لوگوں نے دعویٰ کیا کہ شاہ رخ خان نے بہاولپور متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے، تاہم اداکار کی میڈیا ٹیم نے خبر کو جھوٹا قرار دیا۔

مزید پڑھیں: ونود کھنہ کے مرنے کی افواہ

شاہ رخ خان کی میڈیا ٹیم کے مطابق اداکار ہمیشہ سے امداد دیتے آئے ہیں، مگر انہوں نے کبھی بھی اپنی امداد کی تشہیر نہیں کی، تاہم سرحد پار امداد کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر جھوٹی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے شاہ رخ خان کی ایک جہاز حادثے میں ہلاک ہونے کی خبر بھی وائرل ہوئی تھی۔

بولی وڈ کنگ کے علاوہ مایہ ناز اداکار دلیپ کمار کے چل بسنے کی جھوٹی خبر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی، جس کی تردید کرنے کے لیے دلیپ کمار کو سلسلہ وار ٹوئٹس کرنے پڑے تھے۔