’بھارت اور اسرائیل کا دشمن مشترک‘
’لشکر طیبہ‘ اور’حماس‘ میں کوئی فرق نہیں،بھارت اوراسرائیل ایک ہی طرح کے دشمن سے پریشان ہیں، اسرائیلی وزارت خارجہ
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی 4 جولائی کو اپنے پہلے اسرائیلی دورے پر تل ابیب پہنچے، جہاں وزیر اعظم نیتن یاہو اور دیگر سرکاری عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔
نریندر مودی بھارت کے پہلے وزیر اعظم ہیں، جو تاریخی 3 روزہ دورے پر اسرائیل پہنچے ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم نے اسرائیلی دورہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے 25 سال پورے ہونے پر کیا، رواں برس وہ اپنے تعلقات کی سلور جوبلی منا رہے ہیں۔
اس سے پہلے بھارت کا کوئی بھی وزیر اعظم آج تک اسرائیلی دورے پر نہیں آیا، دونوں ممالک کے درمیان 1992 میں سفارتی تعلقات استوار ہوئے تھے۔
نریندر مودی اسرائیل کے تین روزہ دورے پر ہیں، جہاں دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی، صنعت اور دفاع سے متعلق متعدد معاہدے کیے جانے کا امکان ہے۔