خواتین کے میچز 30اوورز تک محدود کرنے کی تجویز
قومی ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس نے ویمنز کرکٹ میں ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کو 50 اوورز کے بجائے 30 اوورز تک محدود کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ وقار یونس نے کہا کہ ویمنز کیلئے پچاس کی ون ڈے کرکٹ بہت طویل ہے لہٰذا اسے 30 اوورز تک محدود کرنے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔
انہوں نے اپنی اس تجویز کیلئے ثبوت کے طور پر ٹینس میں خواتین میچز کی مثال دی جہاں گرینڈ سلیم مقابلوں میں مردوں کے میچز پانچ سیٹ پر مشتمل ہوتے ہیں جبکہ خواتین کے میچز تین سیٹ پر محیط ہوتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اپنی رائے کے اظہار پر وقار یونس کے ریمارکس کچھ حلقوں کو پسند نہ آئے اور انہوں نے کہا کہ آپ خواتین کو کسی بھی طور کمزور نہیں سمجھ سکتے اور یہ بیان ان کی توہین ہے۔
البتہ دوسری جانب چند لوگوں نے سابق کپتان کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک بہترین تجویز قرار دیا۔
یاد رہے کہ آئی سی سی نے بھی کرکٹ میں خواتین سے رعایت برتی ہے اور خواتین کے انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤنڈریز نسبتاً چھوٹی ہوتی ہیں جبکہ ٹیسٹ میچز بھی پانچ کے بجائے چار دن پر مشتمل ہوتے ہیں۔