یلغار ریویو: بہترین ایکشن اور کمزور کہانی
فلم ہر حب الوطن پاکستانی کےدل سے قریب ہوگی،تاہم اس کی تکنیکی غلطیاں،کمزور اسکرین پلے شائقین نظر انداز نہیں کرپائیں گے۔
پاکستانی فلمی صنعت کے عہد جدید میں ایکشن فلموں میں قومی بیانیے اورحب الوطنی کے موضوعات کوبھی شامل کیا جانے لگا ہے، اس کی تازہ ترین مثال فلم’’یلغار‘‘ہے، جس کی نمائش اس عید الفطر پر ہوئی۔
بلال لاشاری کی ہدایت میں بننے والی فلم ’وار‘، جمال شاہ کی ہدایت کاری پر مبنی فلم ’بدل‘ اور عاشر عظیم کی فلم ’مالک‘ بھی اسی تناظر کی حامل فلمیں تھیں۔
گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’بدل‘ کا موضوع بھی وادئ سوات تھا، جبکہ ’یلغار‘ فلم کا موضوع بھی سوات کی وادی ہے، فرق صرف اتنا ہے کہ ’بدل‘ میں مقامی افراد کی قیام امن کی کوششوں کوعکس بند کیا گیا، جبکہ ’یلغار‘ میں پاکستان آرمی کی جدوجہد اور قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس فلم کو آئی ایس پی آر کے مکمل تعاون کے ساتھ فلمایا گیا۔