پاکستان

کراچی بارش، کرنٹ لگنے سے بچوں سمیت 5 جاں بحق

موسم کی پہلی بارش سےکراچی کے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے جبکہ کرنٹ لگنے کے واقعات بھی پیش آئے۔
|

کراچی میں موسم کی پہلی بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے دو بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے نتیجے میں کرنٹ لگنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔

ایس ایچ او جیکسن تھانہ شعور خان کا کہنا تھا کہ کیماڑی کے علاقے ڈاک کالونی میں 16 سالہ گل نواز جب گلی سے گزر رہے تھے تو بجلی کے کھلےتار کے باعث کرنٹ لگنےسے جاں بحق ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے مزید نقصان سے بچنے کے لیے فوری کارروائی کرتے ہوئے تار کا کنکشن منقطع کر دیا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں کرنٹ لگنے سے 27 سالہ دانیال جاں بحق ہوگیا۔

چھیپا ریکسیو سروس کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ لیاری کے علاقے مولا مدد بس اسٹاپ کے پاس 18 سالہ بابرعلی ڈینو کو کرنٹ لگا جنھیں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ابراہیم حیدری میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے جاں بحق ہوئے، دونوں بچوں کو بارش کے دوران بجلی کے پول میں شارٹ سرکٹ سے کرنٹ لگا تھا۔

قبل ازیں کراچی میں طویل گرمی کے بعد بارش سے شہر کے اکثر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے اور کےالیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے سے 26گرڈ اسٹیشن بند ہوگئے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ کراچی میں بارش کی وجہ سے 150 فیڈرز متاثر ہوئے ہیں جنھیں جلد بحال کردیاجائےگا تاہم شہر کو 64 گرڈ اسٹیشنز کے ذریعے بجلی کی فراہمی جاری ہے۔

کے الیکٹرک کی جانب سے ہائی ٹینشن لائن ٹرپنگ یا گرڈ اسٹیشنز کے متاثر ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے سسٹم بحالی اور گرڈ اسٹیشنز فعال ہونے کا دعویٰ کیا گیا تاہم 5 گھنٹوں سے بھی زیادہ وقت گزرنے کے باوجود کئی علاقوں میں بجلی بحال نہ ہوسکی۔