ون مِڈل ویٹ چیمپیئن شپ: مکس مارشل آرٹس کا بڑا مقابلہ
دور جدید میں دنیا کے مشہور ترین کھیلوں میں مکس مارشل آرٹس (ایم ایم اے) عالمی سطح پر بے حد مقبول ہے، جسے دنیا بھر میں کروڑوں افراد دلچسپی سے دیکھتے اور پسند کرتے ہیں۔
شائقین کی اس دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر کئی تنظیمیں اور ادارے مکس مارشل آرٹسٹ کے مقابلوں کا انعقاد کرتی ہیں، جنھیں شائقین کی جانب سے بھرپور انداز میں سراہا جاتا ہے۔
ایک مقابلے پر دنیا بھر کے مکس مارشل آرٹس کے مداحوں کی نظریں ٹکی ہوئی ہیں۔
رواں سال کے آغاز میں ایشیا کے چند بڑے کھیلوں کے مقابلے منعقد کروانے والے اداروں میں سے ایک ون-چیمپیئن شپ کی جانب سے ون مِڈل ویٹ چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں روس سےتعلق رکھنے والے ورلڈ چیمپیئن وٹالی بگ ڈیش کا اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنا تھا، تاہم ان کے حریف کے بیمار ہو جانے کے باعث قرعہ برمیز پائیتھن کہلانے والے میانمار کے مکس مارشل آرٹسٹ آنگ لا این سنگ کے نام نکلا.
برمیز پائیتھن کو اس عالمی مقابلے میں حصہ لینے سے دس دن قبل نوٹس دیا گیا۔ اس انتہائی کم دورانیے کے نوٹس کے باوجود مکس مارشل آرٹسٹ آنگ لا این سنگ نے اس دعوت کو قبول کیا اور بین الاقوامی فاتح بننے کے لیے جی دار مقابلہ کیا تاہم وٹالی بگ ڈیش اس مقابلے میں فاتح قرار پائے لیکن وہ مقابلے میں اپنے حریف مارشل آرٹسٹ آنگ لا این سنگ کو ناک آوٹ نہیں کر سکے۔
تاہم اس مقابلے کے بعد دنیا بھر کے شائقین کو اس وقت حیرت ہوئی جب مقابلے ہار جانے والے مارشل آرٹسٹ آنگ لا این سنگ نے ورلڈ چمپیئن وٹالی بگ ڈیش کو دوبارہ مقابلے کا چیلنج کیا جسے وٹالی نے قبول کر لیا۔
ون مڈل ویٹ چیمپیئن شپ کے ورلڈ چمپیئن ٹائٹل کے لیے ہونے والے اس دوسرے مقابلے کا انعقاد اب 30 جون کو میانمار کے شہر یانگون میں ہوگا۔