پاکستان

ویمن کرکٹ کپ: پاکستان کو انگلینڈ سے شکست

میچ کی دوسری اننگز کے دوران تیز بارش کی وجہ سے کھیل کو روکنا پڑا، ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت انگلینڈ کو کامیاب قراردیاگیا

انگلینڈ میں جاری آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی۔

انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 377 رنز کا ٹارگیٹ دیا، جس کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ ناکام رہی، اور قومی ٹیم 29 ویں اوور کے کھیل تک صرف 107 رنز ہی بنا پائی تھی۔

میچ کے 30 ویں اوور شروع ہونے سے قبل تیز بارش ہوگئی، جس وجہ سے میچ کو روکنا پڑا، اور ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت انگلینڈ کو میچ کا فاتح قرار دیا گیا۔

اس سے پہلے پاکستانی ویمن ٹیم جنوبی افریقا سے شکست سے دوچار ہوئی تھی۔

پاکستان اور میزبان انگلینڈ کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ڈھائی بجے شروع ہوا، پہلے انگلینڈ نے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ویمن ٹیم کو پہاڑ جیسا ٹارگٹ دیا۔

انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور نتیلا اسکیور نے کیا، جنہوں نے 92 گیندوں پر 137 رنز بنائے، جب کہ انگلش ٹیم کی جانب سے دوسرا بڑا اسکور کرنے والی کھلاڑی ہیتھر نائٹ تھیں، جنہوں نے 109 گیندوں پر 106 رنز بنائے۔

انگلش بلے باز ڈینیئل وائٹ 42 رنز پر ناقابل شکست رہیں، جب کہ انگلینڈ کی ٹیم میں چوتھا بڑا اسکور ایف سی ولسن کا رہا، جنہوں نے 33 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 377 رنز بنائے۔

پاکستان کی سب سے مہنگی بالر ناشرہ سندھو رہیں، جنہوں نے 10 اوور میں 82 رنز کے بدلے ایک وکٹ لی، دوسری مہنگی بالر سعدیہ یوسف رہیں، جنہوں نے بھی 10 اوور میں 74 رنز دیے اور کوئی بھی وکٹ لینے میں ناکام رہیں۔

کپتان ثنا میر بھی بالنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہیں، انہوں نے 9 اوور میں 78 رنز کے بدلے ایک انگلش بلے باز کا شکار کیا۔

پاکستان کی جانب سے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 79 رنز بنانی والی اوپنر ناہیدہ خان نے انگلینڈ کے خلاف صرف 3 رنز بنائے اور کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹیں۔

جویریہ خان نے بھی کوئی اچھی کارکردگی نہیں دکھائی، وہ 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جب کہ اسماویہ اقبال بھی 5 رنز بناکر پویلین لوٹیں۔

میچ کے 30 ویں اوور شروع ہونے سے قبل میچ کو روک دیا گیا تھا، جب کہ بارش نہ رکنے کی وجہ سے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا۔