پاکستان

آرمی چیف کی سانحہ احمد پور شرقیہ کے زخمیوں کی عیادت

جنرل قمرجاوید باجوہ نےہسپتال پہنچ کرسانحہ کےزخمیوں کی عیادت اورملتان گیریژن میں پاک فوج کےشہدا کےاہل خانہ سےملاقات کی۔

ملتان: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملتان میں نشتر ہسپتال پہنچ کر سانحہ احمد پور شرقیہ کے زخمیوں کی عیادت کی اور ملتان گیریژن میں پاک فوج کے شہدا کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملتان میں نشتر ہسپتال کا دورہ کیا اور سانحہ احمد پور شرقیہ کے زخمیوں کی عیادت کی۔

اس موقع پر نشتر ہسپتال کے وائس چانسلر نے آرمی چیف کو زیر علاج زخمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف نے ایل او سی پر جوانوں کے ساتھ نمازِ عید ادا کی

آرمی چیف نے سانحہ احمد پور شرقیہ کے متاثرین کے لیے سول انتظامیہ، موٹروے، پولیس اور فوجی جوانوں کی جانب سے کیے جانے والے امدادی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے حادثات سے نمٹنے کے لیے عوامی مہم کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز صوبہ پنجاب کے جنوبی علاقے احمد پور شرقیہ میں نیشنل ہائی وے پر آئل ٹینکر کے الٹنے کی وجہ سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 157 افراد جھلس کر ہلاک جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

بعد ازاں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے ملتان گیرژن میں پاک فوج کے شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔

آرمی چیف نے شہدا کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو ان شہدا کی قربانیوں پر فخر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے لیے جان نچھاور کردینا، سب سے مقدس قربانی ہے۔

آرمی چیف کے دورہ ملتان کے دوران کور کمانڈر ملتان لیفٹننٹ جنرل سرفراز ستار بھی ان ساتھ موجود تھے۔