سندھ:غیرت کے نام پر دوافراد قتل
سندھ کے علاقےٹنڈوالہٰیار میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر خاتون سمیت دو افراد کو ذوکوب کرکے قتل کردیا گیا۔
ٹنڈوالہٰیار کے علاقے سلطان آباد تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر(ایس ایچ او) ممتاز احمد کھوسو کا کہنا تھا کہ 21 سالہ آمنہ جمالی اور 25 سالہ اعجاز احمد آرائیں کو ان کے گھر میں گلہ دبا کر قتل کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مبینہ ملزم طالب جمالی اور ان کے بیٹے آصف جمالی نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈالتے ہوئے دونوں قتل کا اعتراف کیا اور کہا کہ انھیں اس پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔
ایس ایچ او ممتاز احمد کھوسو نے تصدیق کی کہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر(اےایس آئی) عبدالرحمٰن کی مدعیت میں گرفتار مبینہ قاتلوں کے خلاف ایف آئی آر درج کردی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:سندھ: غیرت کے نام پر دو بچوں کی والدہ کا قتل
ان کا کہنا تھا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں ہر سال عزت اور غیرت کے نام پر ایک ہزار سے زائد خواتین کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور ایسا اکثر خاندان کے افراد کی جانب سے ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کندھ کوٹ : غیرت کے نام پر 2 افراد قتل
عورت فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری ہونے والی سالانہ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا تھا کہ 2016 میں خواتین کے خلاف تشدد کے تقریباً 7،852 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔
رواں سال مئی میں صوبہ سندھ کے ضلع عمر کوٹ میں ایک شخص نے اپنی اہلیہ کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا۔