’ٹیوب لائٹ‘ : سلمان خان کی فلم کو آپ کیسا پائیں گے؟
طویل عرصے کے انتظار کے بعد آخر کار 23 جون کو بولی وڈ کے کامیاب اداکار سلمان خان کی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ سنیما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کردی گئی۔
تاہم سلمان خان کے پاکستان میں موجود مداحوں کے لیے بُری خبر یہ ہے کہ فلم کو فی الحال عید پر پاکستان میں نمائش کے لئے پیش نہیں کیا جائےگا۔
ویسے تو اس پر پابندی کی کئی وجوہات سامنے آئیں تاہم امید کی جاسکتی ہے کہ اسے عید کے بعد پاکستان میں بھی ریلیز کردیا جائے گا۔
اس فلم نے 4 دن میں 83.86 کروڑ کا بزنس کیا ہے اور حیران کن طور پر سلمان خان کی عید بلاک بسٹر فلموں کے سلسلے کو آگے بڑھاتی نظر نہیں آتی۔
یہ فلم سو کروڑ انڈین روپے کی لاگت سے تیار ہوئی تھی اور اسے فلاپ تو نہیں کیا جاسکتا ہے مگر سلمان خان کی سابقہ فلموں کے اوپننگ بزنس کے سامنے یہ بہت کم ہے۔
فلم کا مرکزی خیال:
’ٹیوب لائٹ‘ کی کہانی فلم کے مرکزی اداکار سلمان خان کے گرد گھومتی ہے۔ جن کا نام لکشمن ہے تاہم لوگ انہیں ٹیوب لائٹ کہہ کر چڑاتے ہیں۔ اس کی وجہ ان کی ہر کام کو دیر سے سمجھنے کی صلاحیت ہے۔ ان کے بھائی بھرت یعنی سہیل خان ان سے بہت پیار کرتے ہیں۔ یہ دونوں بھائی بھارت چین سرحد کے قریب ایک گاؤں میں بڑے ہوئے ہیں۔
کہانی کو کچھ اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ 1962 کی بھارت چین جنگ کے دوران فوج میں جوانوں کو بھرتی کیا جارہا ہے جس میں سہیل خان بھرتی ہوجاتے ہیں۔ مگر اس کو فکر ہے اپنے بھائی کی جو کہ اس کے جانے کے بعد بالکل اکیلا ہو جائے گا۔ مگر پھر بھی وہ فوج میں جانے کی ٹھان لیتا ہے اور چلا جاتا ہے، پیچھے لکشمن کو اس بات کا یقین ہے کہ اس کا بھائی واپس آئے گا مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا بھرت کبھی واپس آئے گا؟ کیا لکشمن کا یقین پورا ہو پائے گا؟ کیا گاؤں والے لکشمن کے بھروسے کی طاقت کو سمجھ پائیں گے؟ بس اسی یقین اور بھروسے کے احساس پر ٹکی ہے ’ٹیوب لائٹ‘ کی کہانی۔