اسلام آباد: شہدا فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں پر پابندی عائد
اسلام آباد: وفاقی انتظامیہ نے لال مسجد کی شہدا فاؤنڈیشن کو غیر رجسٹرڈ تنظیم قرار دیتے ہوئے اس کی تمام سیاسی و سماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی جبکہ سانحہ لال مسجد کو دس سال مکمل ہونے پر بھی شہدا فاؤنڈیشن کو لال مسجد و جامعہ حفصہ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں لال مسجد میں تقریب منعقد کرنے کی اجازت دینے سے بھی انکار کردیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اسلام آباد نے صدر شہدا فاؤنڈیشن کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی سیاسی و سماجی سرگرمی کی صورت میں شہدا فاؤنڈیشن کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری طرف شہدا فاؤنڈیشن نے وفاقی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے احکامات کو مسترد کرتے ہوئے وفاقی انتظامیہ کی جانب سے بھیجے گئے تحریری مراسلے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور وفاقی انتظامیہ نے جھوٹ بولا ہے کہ شہدا فاؤنڈیشن غیررجسٹرڈ تنظیم ہے۔
مزید پڑھیں: شہداء فاؤنڈیشن نے 'دہشتگردوں' کے خلاف آپریشن کو چیلنج کردیا
ان کا دعویٰ تھا کہ شہدا فاؤنڈیشن باقاعدہ طور پر رجسٹرڈ ہے اور اس لیے شہدا فاؤنڈیشن وفاقی انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کو خاطر میں نہیں لائی گی۔