پاکستان

پی ایس او نے ایندھن کی فراہمی روک دی، پی آئی اے کی پروازیں منسوخ

جیٹ فیول کی کمی کے باعث کراچی سے لاہور، کوئٹہ اور کوالالمپور جانے والی پروازیں منسوخ ہوئیں: ترجمان پی آئی اے

کراچی: پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کو ایندھن کی فراہمی روک دی جس کے باعث کئی پروازیں منسوخ ہو گئیں۔

پی آئی اے ترجمان کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ جیٹ فیول کی بند ش کے حوالے سے پی ایس او نے پی آئی اے انتظامیہ کو پیشگی اطلاع نہیں دی۔

قومی ایئر لائن کے ترجمان نے بتایا کہ پی ایس او کو معاہدے کے مطابق ایک ہفتے کے جیٹ فیول کی ایڈوانس ادائیگی کی جاچکی ہے۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کی بارسلونا کیلئے پروازوں کا آغاز

کراچی ایئر پورٹ پر جیٹ فیول کی کمی کے باعث کراچی سے لاہور، کراچی سے کوئٹہ جانے والی دو اندرون ملک پروازیں جبکہ کراچی سے ملیشیا کے دار الحکومت کوالالمپور جانے والی ایک بین الاقوامی پرواز بھی منسوخ ہوگئی۔

قومی ایئر لائن کی پروازوں کے منسوخ ہوجانے کے باعث مسافروں نے پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

پی ایس او کی جانب سے جیٹ فیول کی فراہمی کے منقطع ہونے کی وجہ سے عیدالفطر کے دوران پروازوں کا شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔