پاکستان

بابر اعوان کل تحریک انصاف میں شامل ہوں گے،عمران خان کا دعویٰ

اگر پاناما جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی تو عید کے بعد بڑی تحریک چلائیں گے،عمران خان کی تنبیہہ
|

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما بابر اعوان 23 جون کو ان کی پارٹی میں شامل ہوں گے۔

عمران خان نے افطار ڈنر کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’شیخ رشید نے مافیا کا زبردست مقابلہ کیا ہے اس لیے انہیں جلد تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دینے جارہا ہوں، جبکہ پیپلز پارٹی کے بابر اعوان بھی کل پی ٹی آئی میں شامل ہو جائیں گے۔‘

قبل ازیں ڈاکٹر بابر اعوان کے قریبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ڈاکٹر بابر اعوام آئندہ چند روز میں سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر بابر اعوان گزشتہ دو سال سے اپنے ساتھیوں سے مشاورت کر رہے تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں جب وہ وفاقی وزیر قانون تھے تو اس دوران انہوں نے اقتدار میں آنے کے ڈیڑھ سال بعد ہی قیادت کو استعفیٰ دے دیا تھا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر بابر اعوان نے اب سینیٹ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے اور آئندہ چند روز میں وہ چیئرمین سینیٹ کو استعفیٰ پیش کردیں گے۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران عمران خان نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر پاناما جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی تو عید کے بعد بڑی تحریک چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’2017 عام انتخابات کا سال ہے اسی لیے انٹرا پارٹی الیکشن کرائے ہیں۔

عمران خان نے شادی سے متعلق ایک سوال پر کہا کہ ’آئندہ الیکشن تک شادی نہیں کروں گا۔‘