لائف اسٹائل

کیا 'ڈان 3' بھی شاہ رخ کے حصے میں آئے گی؟

فلم 'ڈان' کے دونوں سیکوئلز میں شاہ رخ خان ڈان بنے، اس فلم کا پہلا سیکوئل 2006 اور دوسرا 2011 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

ویسے تو بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی 39 سال پرانی فلم ’ڈان‘ کے 2 سیکوئل آ چکے ہیں، مگر اب خبریں ہیں کہ جلد ہی اس سیریز کی تیسری فلم کا اعلان کیا جانے والا ہے۔

امیتابھ بچن کی اس کامیاب فلم کے دونوں سیکوئلز میں بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان ڈان بنے، اس فلم کا پہلا سیکوئل 2006 اور دوسرا 2011 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس میں شاہ رخ خان کے ساتھ پریانکا چوپڑا نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

ڈان فلموں کی سیریز کے حقوق پروڈیوسر فرحان اختر اور رتیش سدھوانی کی پروڈکشن کمپنی ایکسل انٹرٹینمنٹ نے لے رکھے ہیں، جو اب اس سیریز کی تیسری فلم لانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان، سلمان خان کی 'ٹیوب لائٹ' میں شامل

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق رتیش سدھوانی نے ڈان تھری سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی کمپنی فلم سے متعلق باقاعدہ اعلان کرنے والی ہے۔

رتیش سدھوانی نے بتایا کہ ان کی پروڈکشن کمپنی 'ڈان تھری' سے متعلق منصوبہ بندی کر رہی ہے اور اس حوالے سے مضبوط اسکرپٹ اور آئیڈیاز پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

فلم ساز نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ فرحان اختر آج کل پروڈکشن کمپنی کی 2 فلموں کی شوٹنگ کے سلسلے میں لکھنؤ میں موجود ہیں، جیسے ہی وہ واپس آئیں گے تو ڈان تھری کے حوالے سے اعلان کردیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ ماہرہ خان کی صلاحیتوں سے متاثر

خیال کیا جا رہا ہے کہ ڈان سیریز کی تیسری فلم میں بھی شاہ رخ خان کو ہی کاسٹ کیا جائے گا، تاہم ان کی جگہ نئے ابھرتے ہوئے اداکار بھی لے سکتے ہیں۔

فلم کی دیگر کاسٹ کے حوالے سے بھی مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ فرحان اختر ان دنوں ’فکرے 2‘ اور ’گولڈ‘ نامی فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

گولڈ میں اکشے کمار مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، جو بھارت کے پہلے گولڈ میڈلسٹ ایتھلیٹ کی کہانی ہے۔

فکرے 2 سیریز کی پہلی فلم نہایت مقبول ہوئی تھی، جس کی وجہ سے اس کا دوسرا پارٹ بنایا جا رہا ہے۔