لندن: ڈرائیور نےتراویح پڑھ کرنکلنےوالوں پر وین چڑھادی،1 شخص ہلاک
لندن: برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں شہریوں پر گاڑی چڑھانے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، جہاں فینزبری پارک کے قریب ایک حملہ آور نے تراویح پڑھ کر مسجد سے نکلنے والے شہریوں کو روند ڈالا، جس کے نتیجے ایک شخص جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جائے وقوع پر موجود گاڑی کے 48 سالہ ڈرائیور کو لوگوں نے پکڑ لیا، جسے بعدازاں پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس نے اپنے بیان میں کہا، واقعے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوئے، جنھیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، دوسری جانب ڈرائیور کو بھی ہسپتال لے جایا گیا ہے، جہاں اس کی ذہنی حالت کی جانچ کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق انھیں واقعے کی اطلاع رات ساڑھے 12 کے قریب ملی، جس کے بعد علاقے کو سیل کردیا گیا۔
مسلم کونسل برطانیہ (ایم سی بی) نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا، 'ہمیں اطلاع ملی کے فنزبری پارک مسجد سے نکلنے والے نمازیوں پر ایک حملہ آور نے وین چڑھادی، ہماری دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں'۔
ایم سی بی کے سربراہ ہارون خان کا کہنا تھا کہ وین نمازیوں پر 'جان بوجھ کر' چڑھائی گئی، جو ماہ رمضان میں تراویح پڑھ کر مسجد سے نکل رہے تھے۔