پاکستان

نیو اسلام آباد ائرپورٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر'لاپتہ'

شاہد اسلم 15 جون کو گھر سے نکلے اور واپس نہیں آئے جس کی رپورٹ درج کردی گئی ہے، پولیس

نیو اسلام آباد ائرپورٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ریٹائرڈ ائر کموڈور شاہد اسلم اسلام آباد سے مبینہ طور پر لاپتہ ہوگئے جس کی رپورٹ درج کرادی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ریٹائرڈ ائر کموڈور شاہد اسلم 15جون کو گھر سے نکلے تھے لیکن واپس نہیں آئے جس کے بعد ان کے اہل خانہ نے تھانہ مار گلہ میں گمشدگی کی درخواست جمع کرا دی۔

شاہد اسلم کے بہنوئی غضنفر علی خان نے پولیس کے پاس درخواست جمع کرادی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ وہ شام کے وقت کسی میٹنگ کے سلسلے میں گھر سے نکلے تھے لیکن واپس نہیں آئے۔

غضنفر علی خان کا کہنا ہے کہ موبائل پر فون کے ذریعے اور دیگر ذرائع سے شاہد اسلم سے رابطے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:سابق مشیر سندھ نواب علی لغاری اسلام آباد سے 'اغوا'

پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے شاہد اسلم کی تلاش کےلیے تفتیش شروع کردی ہے۔

واضح رہے دو ماہ قبل اسلام آباد میں ہی حکومت سندھ کے سابق مشیر نواب علی لغاری کو مبینہ طور پر ان کے گھر سے اغوا کیا گیا تھا۔

مغوی نواب علی لغاری کے قریبی عزیز رمضان لغاری کی جانب سے تھانہ لوہی بھیر پولیس کو جمع کرائی گئی تحریری درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ سابق مشیر سندھ کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ واقع سواں گارڈن سے گزشتہ روز دوپہر میں اغوا کیا گیا۔

یاد رہے کہ سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی جو سندھ سے لاپتہ ہوگئے تھے انھیں بلوچستان سے بازیاب کرایا گیا تھا۔