براؤن اور سفید چاول میں سے فائدہ مند کون سے؟
وہ لوگ جو دیہی علاقوں میں رہتے ہیں، یا جن کا تعلق ایسے علاقوں سے زیادہ پڑتا اور جو زراعت سے متعلق بھی تھوڑا بہت علم رکھتے ہیں، تو انہیں یہ پتہ ہوگا کہ تمام چاول پہلے براؤن ہی ہوتے ہیں۔
چاول جب کاشت کیے جاتے ہیں تو ان پر براؤن چھلکے ہوتے ہیں، جنہیں رائس ملز میں پالش کرکے اتار جاتا ہے، اور اس عمل کے دوران چاول جہاں سفید ہوجاتے ہیں، وہیں چاول کی کئی غذائی خصوصیات بھی نکل جاتی ہیں۔
طبی جریدے میں امریکی محکمہ زراعت و خوراک کے تحقیقاتی ادارے میں بتایا گیا ہے کہ چاول کی سیلر یا بڑی مشینوں میں صفائی کے دوران جہاں ان کے چھلکے اتر جاتے ہیں، وہیں ان میں نیوٹریشن، فائبر اور دیگر خصوصیات بھی نکل جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سادہ چاول موٹاپے کے خلاف مفید
رپورٹ میں کہا گیا کہ براؤن اور سفید قسم کے چاول میں سے کوئی بھی چاول نقصان دہ نہیں ہے، تاہم اگر مکمل غذائیت والے چاول کھائے جائیں تو یہ امراض قلب، کولیسٹرول، ذیابیطس اور فالج جیسے امراض سے حفاظت کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق غذائیت سے بھرپور چاول سے مراد ہرگز یہ نہیں کہ چھلکے والے چاول کھائے جائیں، تاہم اس سے مراد ہے کہ چاول کو ایسی مشینوں کے ذریعے صاف کرایا جائے، جو صرف ان کے چھلکے اتاریں۔