پاکستان

جنوبی وزیرستان سےبھاری اسلحہ برآمد:آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن دتہ خیل کے علاقوں سرکنڑ اور منظر خیل میں کیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے ضلع دتہ خیل کے علاقوں سر کنڑاور منظرخیل میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فوج نے دتہ خیل کے علاقوں میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے قبضے میں لیے گئے اسلحے میں راکٹ لانچر، پستول، ہیوی مشین گن کی بڑی تعداد، 21.7 ایم ایم گنیں، سب مشین گن اور کارتوس برآمد کرلیے۔

کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے اسلحے میں بڑی تعداد میں آر پی جی اسلحہ، آتشیں مادہ، ڈیٹونیٹرز، 107 ایم ایم راکٹس اور دیگر بھاری اسلحہ شامل ہے۔

یاد رہے کہ پاک فوج نے رواں سال کے آغاز میں دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے خلاف آپریشن ردالفساد شروع کیا جہاں ملک میں دہشت گردی سے سیکڑوں افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں:پاک فوج کا ملک بھر میں ’رد الفساد‘ آپریشن کا فیصلہ

آپریشن ردالفساد کا مقصد دہشت گردوں کے خلاف اس سے قبل کئے گئے آپریشن کےنتائج کو مزید موثر بنانے اور دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کرنا تھا جبکہ پاکستان کی سرحدوں کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط کرنا تھا۔

رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن کے نتیجے میں اب تک سیکڑوں دہشت گردوں کو ہلاک اور کئی دہشت گردوں کو مختلف کارروائیوں میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔