لائف اسٹائل

’لو، لندن، سیالکوٹ‘ سوہائے علی ابڑو کی اگلی فلم

فہیم برنی کی ہدایات میں بننے والی یہ فلم سیالکوٹ کی ایک شادی پرمبنی ہے،جس مں برطانیہ سے آئے ہوئے رشتہ دار شرکت کرتےہیں۔

پاکستانی ہدایت کار فہیم برنی اپنی دوسری فلم ’لو، لندن، سیالکوٹ‘ بنانے جارہے ہیں، جس میں سوہائے علی ابڑو کو مرکزی اداکارہ کے طور پر کاسٹ کیا گیا ہے۔

فہیم برنی کی پہلی فلم ’پیار ہی پیار میں‘ 2003 میں ریلیز ہوئی تھی، جسے تجزیہ کاروں کا ملا جلا ردعمل موصول ہوا۔

تاہم سینما میں کامیابی حاصل نہ کرنے کے بعد انہوں نے خود کو ایک کامیاب ٹی وی ہدایت کار کے طور پر پیش کیا۔

فہیم برنی اور سوہائے ایک ساتھ کئی کامیاب ڈراموں میں کام کرچکے ہیں جن میں ’تنہائی‘، ’کھویا کھویا چاند‘، ’تمہاری نتاشا‘ اور نیا ڈرامہ ’آدھی گواہی‘ شامل ہیں۔

اپنی نئی فلم ’لو، لندن، سیالکوٹ‘ کے حوالے سے ڈان سے بات کرتے ہوئے فہیم برنی نے کہا کہ ’یہ ایک ہلکی پھلکی کہانی پر مبنی فلم ہے کیوں کہ ابھی ہمارے پاس ایسے اسٹارز نہیں تو مجھے لگتا کہ اس وقت ہم سنجیدہ کہانیوں پر مبنی فلمیں نہیں بنا سکتے‘۔

مزید پڑھیں: سوہائے علی ابڑو ’موٹر سائیکل گرل‘ کے روپ میں

ایم ڈی پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی فلم ’لو، لندن، سیالکوٹ‘ میں سیالکوٹ میں ہونے والی ایک شادی کو پیش کیا جائے گا، جہاں برطانیہ سے آئے ہوئے کچھ رشتہ دار اس شادی میں شرکت کرتے ہیں اور گھر کے روزمرہ کے کاموں سے جُڑے مسائل کا سامنا کرتے ہیں۔

فلم میں سوہائے علی ابڑو دلہن کی بہن کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، وہ ایک ایسی پنجابی لڑکی بنیں گی جو اپنے کریئر میں کچھ کرنا چاہتی ہے، تاہم ان کا خاندان ان سے کچھ اور ہی امیدیں لگائے بیٹھا ہے۔

خیال رہے کہ سوہائے علی ابڑو نے اپنا فلم ڈیبیو 2015 کی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ سے کیا، وہ بہت جلد عدنان سرور کی فلم میں ’موٹر سائیکل گرل‘ کے طور پر نظر آئیں گی، یہ فلم 20 سالہ زینتھ عرفان کی زندگی پر بنائی جارہی ہے، زینتھ وہ پہلی نوجوان خاتون ہیں جنہوں نے 20 سال کی عمر میں پاکستان کے شمالی علاقوں میں موٹر سائیکل پر سفر کیا۔

فلم ’لو، لندن، سیالکوٹ‘ اگلے سال سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔