پشاور: نامعلوم ملزمان کی پولیس موبائل پر فائرنگ،3 اہلکار ہلاک
اہلکار افطار کے بعد معمول کے گشت پر تھے کہ اچانک تین موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان کی موبائل کو نشانہ بنایا، ایس پی دیہی
پشاور کے علاقے چمکنی میں نامعلوم ملزمان کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) دیہی فرقان بلال کے مطابق اہلکار افطار کے بعد معمول کے گشت پر تھے کہ اچانک تین موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان کی موبائل کو نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل عمر حیات، شاہد اور انتخاب عالم ہلاک جبکہ ہیڈ کانسٹیبل شیراز شدید زخمی ہوا۔
فرقان بلال کا کہنا تھا پولیس موبائل میں موجود دیگر اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی جس سے ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا جبکہ دو ملزمان فرار ہوگئے۔
ابتدائی طور پر کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔