امریکا: فائرنگ کے واقعے میں رکن کانگریس زخمی
واشنگٹن: قانون سازوں کے درمیان ہونے والے بیس بال کے سالانہ مقابلے سے قبل واشنگٹن کے مضافاتی علاقے میں جاری پریکٹس میچ کے دوران فائرنگ سے سینئر ریپبلکن رہنما اور رکن کانگریس اسٹیو اسکیلز زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق زخمی ہونے والے سیاستدان کے ساتھی ریپبلکن قانون ساز مو بروکس نے میڈیا کو بتایا کہ اسٹیو اسکیلز کی کمر میں گولی لگی۔
انہوں نے ورجینیا کے مقام پر ہونے والے اس فائرنگ کے واقعے میں 2 قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور کانگریس کے عملے سے تعلق رکھنے والے شخص کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی۔
مو بروکس کے مطابق، 'زخمی ہونے والے رکن کانگریس گولی لگنے کی وجہ سے ہلنے جلنے سے قاصر ہوگئے جس کے بعد دوران فائرنگ انہوں نے خود کو زمین پر گھسیٹتے ہوئے بیس ان فیلڈ سے آؤٹ فیلڈ کی جانب بڑھنے کی کوشش کی۔
بعد ازاں ایک اور رکن کانگریس نے بتایا کہ ان کا علاج جارج واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال میں علاج جاری ہے جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی فائرنگ کے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ 'ہم اس سانحے پر گہرے دکھ کا شکار ہیں'۔
ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ الیگزینڈریا کے مقام پر ہونے والے اس افسوس ناک واقعے میں پیش رفت پر نظر رکھی جارہی ہے اور پولیس ایک نامعلوم مسلح شخص کو حراست میں لے چکی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ہماری دعائیں رکن کانگریس، ان کے عملے، کیپیٹل پولیس اور متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہیں'۔