پاکستان

پی ٹی آئی کو 'بلا' بطور انتخابی نشان الاٹ

ای سی پی نے پی ٹی آئی کو آئندہ انتخابات کے لیے اہل قرار دے دیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹراپارٹی انتخابات کے بعد پارٹی کو آئندہ عام انتخابات کے لیے اہل قرار دے دیا جبکہ 'بلا' کو انتخابی نشان الاٹ کردیا۔

واضح رہے کہ ای سی پی نے اس سے قبل پی ٹی آئی کےاندر پارٹی انتخابات نہ ہونے پر انتخابی نشان سے روک دیا تھا کیونکہ قانون کے مطابق انتخابی نشان کے حصول کے لیے پارٹی کے اندرونی انتخابات لازمی ہیں۔

پی ٹی آئی کے دو روز جاری رہنے والے پارٹی انتخابات میں اگلی مدت کے لیے عمران خان کو دوبارہ چیئرمین اور شاہ محمود قریشی کو وائس چیئرمین منتخب کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن: عمران خان چیئرمین برقرار

پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ پارٹی کو انتخابی نشان 'بلا' کے حصول اور 2018 کے عام انتخابات کے قریب ہونے کے باعث انٹراپارٹی انتخابات میں جلدی تھی۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے الیکشن کمشنر نے پارٹی کا آئین دوبارہ مرتب کرتے ہوئے پارٹی انتخابات کے لیے سوفٹ ویئر تیار کیا تھا۔

پی ٹی آئی کے رجسٹرڈ ووٹرز کے پاس فیصلے کے لیے دو آپشن پینل1 اور 2 تھے اور اس کے علاوہ کچھ لکھنے کی صورت میں ووٹ ضائع قرار دیا گیا تھا۔

ترمیم شدہ آئین کے تحت 27 لاکھ ووٹرز نے حصہ لیا اور چیئرمین کے لیے عمران خان اور نیک محمد خان کے حق میں اپنا ووٹ ڈالا۔

پی ٹی آئی انتخابات میں جہانگیر ترین پارٹی کے سیکرٹری جنرل، عارف علوی پی ٹی آئی سندھ کے صدر، یار محمد رند بلوچستان کے صدر، علیم خان صدر وسطی پنجاب اور علی امین گنڈا پور صدر خیبرپختونخوا ساوتھ منتخب ہوئے۔

بعد ازاں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیل پارٹی کے ترجمان فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں۔