پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن: عمران خان چیئرمین برقرار
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرادیں۔
الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی پی ٹی آئی کی دستاویزات کے مطابق عمران خان چیئرمین جبکہ شاہ محمود قریشی وائس چیئرمین کے عہدوں پر برقرار ہیں۔
اس کے علاوہ جہانگیر ترین پارٹی کے سیکرٹری جنرل، عارف علوی پی ٹی آئی سندھ کے صدر، یار محمد رند بلوچستان کے صدر، علیم خان صدر وسطی پنجاب اور علی امین گنڈا پور صدر خیبرپختونخوا ساوتھ منتخب ہوئے ہیں۔
پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیل پارٹی کے ترجمان فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں۔
مزید پڑھیں: انٹرا پارٹی الیکشن سے قبل پی ٹی آئی کے تمام عہدے تحلیل
خیال رہے کہ عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اگر انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع نہ کرائی جائیں تو انتخابی نشان الاٹ نہیں ہوتا۔
یہ بھی یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر پی ٹی آئی کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔
الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی پی ٹی آئی دستاویزات کے مطابق پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات میں انصاف پینل نے 1 لاکھ 89 ہزار 55 ووٹ حاصل کیے جبکہ احتساب پینل نے 41 ہزار 647 ووٹ حاصل کیے۔
تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات میں دونوں پینلز کو کل 2 لاکھ 56 ہزار 957 ووٹ پڑے جبکہ انٹرا پارٹی الیکشن میں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 26 ہزار 255 رہی۔