رفع حاجت کے مسئلے پراکشے کمار کی فلم کا ٹریلر جاری
بولی وڈ میں جہاں ایکشن اور رومانوی فلموں کی دھڑا دھڑ تیاری نظر آتی ہے، وہیں سماجی مسائل پر بھی فلمیں بنتی ہیں۔
ایسی ہی سماجی مسئلے پر بننے والی اکشے کمار کی فلم ٹوائلٹ ’ایک پریم کتھا‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جو بھارت میں رفع حاجت کے مسئلے کے لیے ٹوائلیٹس کی قلت کو اجاگر کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔
فلم میں اکشے کمار کے ساتھ بھومی پیڈنیکر مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، جو فلم میں ان کی بیوی کے کردار میں نظر آئیں گی۔
اس فلم میں انوپم کھیر بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فلم کھلاڑی کے لیے اکشے کمار پہلی پسند نہیں تھے
اس فلم کی ہدایات شری نارائن سنگھ نے دی ہیں، فلم کو رواں برس 11 اگست کو ریلیز کیا جائے گا۔
اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ یہ خالصتاً بھارت کے سب سے بڑے سماجی مسئلے ٹوائلٹ کی قلت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔
اس وقت بھارت میں ٹوائلٹ کی قلت حکومت اور سماجی تنظیموں کے لیے سب سے بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔
مزہد پڑھیں: اکشے کمار کی مسلسل 7 ویں ہٹ فلم
اس فلم کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ملک بھر میں ٹوائلٹ تعمیر کرنے کی مہم سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے، اور فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس مسئلے کو ہلکے پھلکے اور مزاحیہ انداز میں بڑے احسن طریقے سے اجاگر کیا گیا ہے۔
فلم کا ٹریلر جاری کرنے سے پہلے اس ٹریلر کو سینسر بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کو بھیجا گیا تھا، جسے بورڈ کے چیف پہلاج نیلانی نے دیکھنے کے بعد اس کی تعریف کی تھی۔
پہلاج نہلانی نے کچھ دن قبل ہی ٹوئیٹ کی کہ فلم سچے واقعات پر مبنی ہے، اسے ٹیکس فری قرار دئیے جانے کے ساتھ ساتھ اس کی پروموشن کی جائے، ساتھ ہی انہوں نے فلم کے لیے سپر ہٹ کے الفاظ استعمال کیے۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کی نظر میں اکشے کمار اصل 'سلطان'
فلم کے ٹریلر سے پہلے اکشے کمار نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کرکے انہیں فلم کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔