سائنس و ٹیکنالوجی

سام سنگ کا ڈبل اسکرین مانیٹر متعارف

ایک ہی مانیٹر میں چاہیں تو ایک طرف ٹی وی دیکھیں، تو دوسری طرف کمپیوٹر پر کام کریں۔

اسمارٹ آلات بنانے والی جنوبی کوریا کی کمپنی سام سنگ ویسے تو موبائل فونز ہی متعارف کرانے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہے، مگر وہ دیگر آلات بھی پیش کرتی رہتی ہے۔

حال ہی میں سام سنگ نے ڈبل اسکرین والا 49 انچ کا اسمارٹ مانیٹر متعارف کرایا، جسے بیک وقت ٹی وی اور کمپیوٹر یا پھر گیم کھیلنے سمیت دیگر کاموں کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سام سنگ کمپنی اس طرز کے مانیٹر پہلے بھی فروخت کے لیے پیش کرچکی ہے، تاہم الٹرا وائڈ سی ایچ جی 90 کا مانیٹر جدید خوبیوں کے ساتھ بہتر کرکے پیش کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سام سنگ کے 2 بجٹ اسمارٹ فونز سامنے آگئے

اس مانیٹر کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی ایک ہی اسکرین میں 2 اسکرینز ہیں، جو کسی اضافی جوڑ کے بغیر ایک ہی شیشے میں نصب ہیں، مگر دونوں الگ الگ کام کرتی ہیں۔

ایک ساتھ ہونے کے باوجود اسکرینز الگ الگ ہیں—فوٹو: سام سنگ

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس مانیٹر کی تیاری میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جس کی بدولت یہ ایک سیکنڈ میں ایک کلر یا منظر کو 144 بار ریفریش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں: سام سنگ کے 'سب سے بہترین' گلیکسی فونز پیش

مانیٹر میں جدید ترین گرافکس اور ایچ ڈی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جس کے باعث مانیٹر اندھیرے والے مناظر کو مزید گہرا جب کہ روشنی والے مناظر کو مزید روشن کرکے دکھاتا ہے۔

مانیٹر کی ریزولیوشن 3840 بائی 1080 ہے، جب کہ اس مانیٹر کی دونوں اسکرینز پر بیک وقت 6 ونڈوز کھول کر کام کیا جاسکتا ہے۔

کمپنی نے سی ایچ جی 90 کے ساتھ اس کے دیگر ماڈل جی 70 کے 2 ماڈل بھی پری آرڈر کے لیے پیش کردیئے ہیں۔

سام سنگ کے الٹرا وائڈ سی ایچ جی 90 کی رقم ایک ہزار 499 امریکی ڈالر جب کہ جی 70 کے 32 انچ ماڈل کی قیمت 699 اور 27 انچ کی قیمت 599 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔

ان مانیٹرز کو ایمازون یا پھر سام سنگ کی ویب سائٹ سے آن لائن بھی خریدا جاسکتا ہے۔

مانیٹر میں گرافکس اور رنگوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی—فوٹو: سام سنگ