سندھ میں پانی وبجلی کے بحران کاذمہ دار وفاق ہے:مرادعلی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو سندھ کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچپسی نہیں ہے۔
سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی نے سندھ میں بجلی اور پانی کے بحران کا ذمہ دار ایک مرتبہ پھر وفاقی حکومت کو قرار دے دیا۔
حضرت سچل سرمست کے 196 ویں عرس کے موقع پر خیرپور کے علاقے درازا شریف میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مرادعلی شاہ نے سندھ میں پانی کے بحران پر ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے زراعت پر منفی اثرات پڑرہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے پانی کا حصہ پنجاب حاصل کررہا ہے جس کے باعث کسان خریف کی فصل وقت سے پہلے کاشت کرنے پر مجبور ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سندھ میں پانی کی قلت پر صوبائی اراکین کی تشویش
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 'صوبہ سندھ ماہ رمضان میں بھی پانی کے بحران سے دوچار ہے' تاہم پانی اور بجلی کی کمی کے معاملے کو وزیراعظم کے سامنے اٹھایا گیا تھا لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔