پاکستان

پاناما جے آئی ٹی:تحقیقات میں درپیش مسائل سے متعلق درخواست دائر

جے آئی ٹی کے اسٹاف کی جانب سے درخواست سربمہر لفافے میں سپریم کورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کرائی گئی، ذرائع

پاناما کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے تحقیقات کے دوران درپیش مسائل سے متعلق سپریم کورٹ میں الگ درخواست دائر کردی۔

پاناما لیکس فیصلے پر بننے والی جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء نے 7 جون کی سماعت کے دوران عدالت کو تحقیقات کے دوران درپیش مسائل سے آگاہ کیا تھا۔

تین رکنی خصوصی بینچ کے سربراہ جسٹس اعجاز افضل نے جے آئی ٹی کے سربراہ کو الگ سے درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: حسین نواز کی درخواست پر جے آئی ٹی سے جواب طلب

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کے اسٹاف کی جانب سے درخواست سربمہر لفافے میں سپریم کورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کرائی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست میں جے آئی ٹی کو تفتیش میں درپیش مسائل، اراکین پر تنقید، بیرونی دباؤ اور اراکین کے اہلخانہ کی پریشانیوں سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: فوٹو لیک: تحقیقات کیلئے حسین نواز کا سپریم کورٹ سے رجوع

جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ پیر کے روز درخواست کی سماعت کرے گا۔