آئیں 12 گھنٹے میں قطر کی سیر کریں
قطر: دنیا کے مہنگے ترین جدید فن پاروں کا مرکز
اگر آپ نے میرے گزشتہ سفر نامے پڑھے ہیں تو شاید آپ یہ تو جان گئے ہوں گے کہ فنون اور ثقافت میرے پسندیدہ موضوعات ہیں۔ اس بار قطر رخ کیا، جو کسی زمانے میں ایک بے رنگ عرب ریاست تھا جو اب اپنے ثقافتی اقدامات کے ساتھ چونکا دینے والی زبردست طاقت بن چکا ہے۔
تیل سے مالا مال ریاست عصر حاضر کے فن پاروں کی دنیا میں سب سے بڑی خریدار بن چکی ہے، اس کی وجہ شیخہ میاسہ الثانی (موجودہ امیر قطر شیخ بن حماد الثانی کی بہن) ہیں، جو عالمی دنیائے فن میں سب سے طاقتور اور اثرانداز شخصیت قرار دی گئیں ہیں۔ ان کے لیے کہا جاتا ہے کہ وہ فن پاروں پر سالانہ 1 ارب ڈالر خرچ کرتی ہیں۔
اپنے گھروالوں سے ملنے سعودی عرب جانے سے قبل میں نے دوحہ میں 12 گھنٹے کا مختصر قیام کیا۔ میں نے اس چھوٹے قیام کے دوران شاندار میوزیم آف اسلامک آرٹ (ایم آئی اے) دیکھنے کا فیصلہ کیا مگر کیا خبر تھی کہ دیکھنے کو منزلیں اور بھی مل جائیں گی۔