صحت

فرنچ فرائیز کا یہ نقصان جانتے ہیں؟

ہفتے میں دو بار اس طرح کے چپس کو کھانے کی عادت مختلف امراض سے موت کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھا دیتی ہے، تحقیق

فرنچ فرائیز یا آلو کے تلے ہوئے چپس کھانا اکثر افراد کو پسند ہوتا ہے مگر یہ عادت آپ کو موت کے دہانے تک بھی پہنچا سکتی ہے۔

یہ انتباہ ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے میں دو بار اس طرح کے چپس کو کھانے کی عادت مختلف امراض سے موت کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھا دیتی ہے۔

اس تحقیق کے دوران 45 سال سے 79 سال کی عمر کے لگ بھگ ساڑھے چار ہزار افراد کی غذائی عادات کا آٹھ سال تک جائزہ لیا گیا خصوصاً ایسے افراد جو آلو تل کر کھانا زیادہ پسند کرتے تھے۔

مزید پڑھیں : آلو اور ٹوسٹ کینسر کا خطرہ بڑھائیں، تحقیق

بعد ازاں مختلف عناصر کو مدنظر رکھنے کے بعد یہ نتیجہ نکالا گیا آلو کھانا تو کسی فرد میں موت کا خطرہ نہیں بڑھاتا مگر انہیں تل کر استعمال بشمول فرنچ فرائیز ضرور مختلف امراض کا باعث بن سکتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ہفتے میں کم از کم دو بار تلے ہوئے آلوﺅں کا استعمال کسی بھی مرض کے باعث موت کا خطرہ دوگنا بڑھا دیتے ہیں۔

اس کے مقابلے میں ابلے ہوئے یا بھون کر آلو کھانا یہ خطرہ نہیں بڑھاتا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ تلے ہوئے آلوﺅں میں بہت زیادہ چربی ہوتی ہے جبکہ اس میں نمک کا بھی اضافہ کیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں موٹاپے، بلڈ پریشر اور شریانوں کے دیگر امراض کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

اس سے پہلے گزشتہ ماہ ہاورڈ میڈیکل اسکول کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ پراسیس شدہ سرخ گوشت، سافٹ ڈرنکس، فرنچ فرائیز سمیت فاسٹ فوڈ کا استعمال جوڑوں کے امراض کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : یہ غذا آپ کو جوڑوں کے درد کا شکار بنا سکتی ہے

اس کے مقابلے میں پھلوں، سبزیوں، گریوں اور اجناس پر مشتمل غذا گٹھیا کے مرض سے تحفظ دینے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

یہ نئی تحقیق طبی جریدے امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہوئی۔