قازقستان:وزیر اعظم کی روسی اور افغان صدور سے ملاقاتیں
قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں وزیر اعظم نواز شریف سے روسی و افغان صدور نے ملاقاتیں کی جن میں مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور خصوصاً مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز اور وزیر تجارت خرم دستگیر بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کا مستقل رکن بن گیا
نواز شریف ۔ اشرف غنی ملاقات
وزیر اعظم نواز شریف سے افغان صدر اشرف غنی نے بھی ملاقات کی۔
نجی چینل ’جیو نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے موقع پر سائیڈ لائن ملاقات طے شدہ نہیں تھی۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ملاقات کی خواہش کا اظہار افغان صدر کی جانب سے کیا گیا تھا، جو آستانہ کی رمادا ہوٹل میں اشرف غنی کے سوٹ میں تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔
ملاقات میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی شریک تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات میں دہشت گردی، بارڈر منیجمنٹ اور علاقائی سیکیورٹی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: قازقستان: پاک ۔ بھارت وزرائے اعظم کی غیر رسمی ملاقات