دنیا

’بھارت ہر قسم کے سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار‘

بھارتی آرمی چیف بیپین روات کےمطابق بھارتی فوج بیک وقت بیرونی اور اندرونی سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہے۔

بھارت کے آرمی چیف بیپین روات نے کسی ملک یا گروپ کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ بھارتی فوج بیک وقت بیرونی اور اندرونی سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہے۔

ایشین نیوز انٹر نیشنل (اے این آئی) کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہندوستانی فوج داخلی اور بیرونی خطرات سے بیک وقت نمٹنے کیلئے تیار ہے تاہم انھوں نے کہا کہ مشکل صورت حال کا حل نکالنے کے لیے جنگ کے علاوہ بھی کچھ طریقے موجود ہیں۔

جنرل نے دعویٰ کیا کہ ’یہاں تک کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کہہ چکے ہیں کہ گذشتہ 40 سال کے دوران چین اور بھارت کی سرحد پر ایک گولی بھی نہیں چلی ہے‘۔

بھارتی جنرل نے کہا کہ پہاڑی جنگ کیلئے بڑھتی ہوئی طلب کو مد نظر رکھتے ہوئے مزید نئے فوجی بھرتی کیے گئے ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’17 اسٹرائک کور‘ قائم کی گئی ہے، اس میں بھرتیاں جاری ہیں، اس میں بھرتی کیے جانے والے فوجی اہلکاروں کو 3 سال کی ٹریننگ دی جائے گی جس کے بعد انھیں تعینات کردیا جائے گا۔

بھارتی فوج میں جدت کے حوالے سے جنرل نے بھارتی حکومت کی حمایت اور فوج کی ضروریات کو محسوس کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

جنرل روات کا کہنا تھا کہ ’بھارت میں تعمیر کرنے کی ابتدا ایک اچھا عمل ہے‘ یہ آئندہ 2 سے 3 سال میں نتائج دے گا، وہ نریندرا مودی کی پالیسیوں کا حوالا دے رہے تھے جس کے ذریعے پیداواری سہولیات اور نوکریاں ملیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فوج کے منصوبے کسی خاص ملک کے خلاف نہیں ہیں۔