دنیا

نئی پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا کا میزائل تجربہ

جنوبی کوریا کے امریکی اینٹی میزائل نظام کی تنصیب کو ملتوی کرنے کے ایک روز بعد ہی شمالی کوریا نے میزائل تجربہ کردیا۔

شمالی کوریا کی جانب سے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر جنوبی کوریا کی جانب سے امریکی اینٹی میزائل نظام کی تنصیب کو ملتوی کرنے کے ایک روز بعد ہی شمالی کوریا نے اپنے مشرقی ساحلی علاقے میں زمین سے سمندر میں مار کرنے والے میزائل کا تجربہ کردیا۔

خیال رہے کہ میزائل تجربے کے بعد شمالی کوریا کو اپنے ہتھیاروں کے پروگرام کے حوالے سے عالمی برادری کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا ہے کیونکہ کچھ روز قبل ہی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس کے لیے نئی پابندیاں منظور کی تھیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا نے گذشتہ روز کہا تھا کہ چین کے اتحادی شمالی کوریا کی برہمی کا باعث بننے والے امریکا کے ٹرمینل ہائی ایٹیٹوڈ ایریا ڈیفنس (تھاڈ) نظام کے باقی رہ جانے والے آلات کو نصب کرنے کا ارادہ ملتوی کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: تین ہفتوں کے دوران شمالی کوریا کا تیسرا میزائل تجربہ

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ شمالی کوریا نے میزائل کا تجربہ جمعرات کی صبح ساحلی شہر وونسان سے 200 کلومیٹر دور کیا۔

کم جونگ یو کی قیادت میں شمالی کوریا کے میزائل تجربات میں حال ہی میں تیزی آئی ہے، جس میں خاص طور پر بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (آئی سی بی ایم) کی صلاحیت کے حامل میزائلوں کے تجربات شامل ہیں، جس کا مقصد امریکا کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا حصول ہے۔

مختلف بیلسٹک میزائل کے مقابلے میں حال ہی میں ٹیسٹ کیا جانے والا میزائل زیادہ تباہ کن ہے جو زمین سے سمندر میں موجود کشتیوں کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی کوریا کا ناکام میزائل تجربہ، امریکا کو تشویش

یاد رہے کہ رواں سال 15 اپریل کو ریاست کے بانی لیڈر کی سالگرہ کے موقع پر ہونے والی ایک بڑی فوجی پریڈ کے دوران شمالی کوریا نے متعدد نئے ہتھیاروں سے پردہ اٹھایا تھا، جن میں کچھ کا ٹیسٹ کیے جاچکا ہے۔

سیئول کی کیونگنام یونیورسٹی کے عسکری ماہر کم ڈونگ یوب کا کہنا تھا کہ ’یہ ظاہری طور پر زمین سے سمندر میں مار کرنے والا میزائل ہے جسے کے 4 لانچر پریڈ میں پیش کیے گئے تھا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’شاید یہ وہ میزائل ہی ہے جو آج استعمال کیا گیا‘۔

مزید پڑھیں: شمالی کوریا نے کامیاب میزائل تجربے کی تصدیق کردی

واضح رہے کہ جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان کے 10 مئی کو عہدہ سبنھالنے کے بعد سے تھارڈ دفاعی نظام کے ملتوی ہونے کے باعث شمالی کوریا اب تک 4 میزائل تجربات کرچکا ہے۔

شمالی کوریا کے میزائل تجربات کے حوالے سے جنوبی کوریا کے صدر کا کہنا تھا کہ پابندیاں اور دباؤ شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل پروگرام کے بڑھتے ہوئے ایڈونچر کو کم کرنے میں ناکام ہے۔