صحت

نئے انداز کی ڈائٹنگ صحت کیلئے تباہ کُن

’سلیپنگ بیوٹی ڈائٹ‘ نامی نئی تکنیک لوگوں کو دن میں 20 سےزائد گھنٹوں کیلئے نیند لینےاور ادویات کھانےپر مجبور کررہی ہے۔

کبھی کبھی چھٹی کے دن جب آپ سوتے ہیں تو اگلے روز اتنی دیر سے آنکھ کھلتی ہے کہ ناشتے کا وقت نکل جاتا ہے اور لنچ کا وقت قریب آجاتا ہے، لیکن ایسا کبھی کبھی ہونا کوئی مسئلہ نہیں۔

جب آپ سوئیں گے تو یقیناً اس دوران آپ کچھ کھائیں گے نہیں، اور لوگ زمانے سے اس تکنیک کو وزن کم کرنے کے لیے استعمال کررہے ہیں۔

لیکن بعض لوگ اپنا وزن کم کرنے کے لیے اس انداز کو اپنانے میں اس حد سے آگے جارہے ہیں کہ ان کی صحت کے لیے یہ تباہ کن بن جائے۔

اس طرح کی نئی ڈائیٹنگ کو ’سلیپنگ بیوٹی ڈائٹ‘(Sleeping Beauty Diet) کا نام دیا جارہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس ڈائٹ میں لوگ غیر معمولی انداز میں طویل عرصے کے لیے سوتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ نیند لانے کے چکر میں وہ ادویات کا بھی استعمال کررہے ہیں۔

رات کے وقت بہتر نیند لینا صحت کو بہتر بناتا ہے، لیکن کچھ افراد وزن کم کرنے کی خاطر 20 گھنٹوں سے زائد سونے کا انتخاب کررہے ہیں جس کے لیے وہ ادویات لیتے اور بعد میں اس کے عادی بن جاتے۔

تاہم ماہرین کا ماننا ہے کہ اس قسم کی ڈائٹ صحت کے لیے نہایت نقصان دہ ہے۔

اس طرح کی ادویات سے نیند لانا خطرناک ہے کیوں کہ اس کا عادی ہونے پر بغیر دوا کھائے نیند نہیں آئے گی۔

اور لوگ دبلے ہونے کی جلد بازی میں زیادہ سے زیادہ ادویات کا استعمال کریں گے اور جسم کو ضرورت سے زیادہ نیند کا عادی بنادیں گے جو کہ صرف خطرناک ہی نہیں جان لیوا بھی ہے۔