لائف اسٹائل

فلم کھلاڑی کے لیے اکشے کمار پہلی پسند نہیں تھے

اس فلم کی کامیابی کے بعد ہی اکشے کمار کو بولی وڈ کا کھلاڑی کہا جانے لگا۔

بولی وڈ کی بلاک بسٹر فلم ’کھلاڑی‘ کی 25 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، اور اس کی کامیابیوں کا چرچہ اب بھی فلم انڈسٹری میں سنائی دیتا ہے۔

لیکن حال ہی میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ کھلاڑی کے لیے اکشے کمار پہلی پسند نہیں تھے۔

فلم کھلاڑی 1992 میں ریلیز کی گئی تھی، جو ایک مرڈر تھرلر فلم ہے، اس فلم میں اکشے کمار کے ساتھ عائشہ جھلکا، دیپک تجوری، صبیحہ، پریم چوپڑا، جوہنی لیور اور شکتی کپور سمیت دیگر اداکاروں نے کام کیا۔

اس فلم کی کامیابی کے بعد ہی اکشے کمار کو بولی وڈ کا کھلاڑی کہا جانے لگا، اور اس فلم کے بعد کھلاڑی سیریز کی دیگر فلمیں بنیں۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کی نظر میں اکشے کمار اصل 'سلطان'
فلم کا پوسٹر

کھلاڑی سیریز کی دیگر فلموں میں سب سے بڑا کھلاڑی، کھلاڑیوں کا کھلاڑی، انٹرنیشل کھلاڑی، میں کھلاڑی تو اناڑی، مسٹر اینڈ مسز کھلاڑی، کھلاڑی 420 اور کھلاڑی 786 آچکی ہیں، اور ان سب میں اکشے کمار نے ہی اہم رول ادا کیے۔

فلم کی کامیابیوں نے جہاں اکشے کمار کو انڈسٹری میں کھلاڑی کی حیثیت دی، وہیں کھلاڑی سیریز میں اکشے کے ساتھ کام کرنے والے دیگر اداکاروں کی شہرت کو بھی چار چاند لگے۔

لیکن حال ہی میں سلمان خان کی آنے والی فلم ٹیوب لائٹ کے سلسلے میں میڈیا کے ساتھ کی جانے والی گفتگو میں ایک نیا انکشاف سامنے آیا۔

مزید پڑھیں: اکشے کمار کو خطروں کا کھلاڑی بننا پسند

مڈ وے نے اپنی خبر میں بتایا کہ سلمان خان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اس بات کا انکشاف کیا کہ کھلاڑی میں اکشے کمار سے پہلے انہیں پیش کش کی گئی تھی۔

سلمان خان کے مطابق فلم ساز عباس مستان نے ان کے بھائی ارباز خان سے اس حوالے سے رابطہ کیا تھا، مگر انہوں نے یہ پیش کش ٹھکرادی، جس کے بعد اکشے کمار کو منتخب کیا گیا۔

یہی نہیں سلمان خان نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہیں فلم ’دھڑکن‘ کے لیے بھی پیش کش ہوئی تھی، مگر اس بار بھی ارباز خان نے یہ پیش کش ٹھکرادی۔

یہ بھی پڑھیں: اکشے کمار کی مسلسل 7 ویں ہٹ فلم

فلم دھڑکن میں سلمان خان کو اکشے کمار کی جگہ کام کرنے کی پیش کش تھی، مگر ان کے انکار کے بعد اکشے کمار کو کاسٹ کیا گیا۔

دوسری جانب اکشے کمار نے اس انکشاف پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، تاہم ارباز خان کے انکار کی وجہ سے انہیں ایسی فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا، جنہوں نے انہیں کھلاڑی بنادیا۔