پاکستان

آرمی چیف کی ماؤنٹ ایورسٹ سَر کرنے والے کوہ پیما سے ملاقات

پاک فوج میں اپنی خدمات سرانجام دینےوالےکرنل (ر) عبدالجبار بھٹی نےدنیا کی بلند ترین چوٹی سَر کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے حال ہی ماؤنٹ ایورسٹ سَر کرنے والے چوتھے پاکستانی سے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) میں ملاقات کی۔

پاک فوج میں اپنی خدمات سرانجام دینے والے کرنل (ر) عبدالجبار بھٹی نے گذشتہ ماہ دنیا کی سب سے بلند ترین چوٹی سَر کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا ۔

ساڑھے 8 ہزار میٹر کی بلندی پر آکسیجن کی کمی کا سامنا کرنے کے باوجود کامیابی سے سفر مکمل کرنے پر آرمی چیف نے کوہ پیما کو مبارک باد دی۔

یہ بھی پڑھیں: ’ماؤنٹ ایورسٹ‘ سر کرنے والے پاکستانی کوہ پیما کی وطن واپسی

خیال رہے کہ اسلام آباد آمد سے قبل کرنل (ر) بھٹی ایک ہفتے کٹھمنڈو کے ہسپتال میں زیرعلاج رہے تھے۔

سبز ہلالی پرچم کو بلند رکھنے کے لیے عبدالجبار بھٹی کے عزم کو سراہتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کے لیے جلد صحت یابی کی خواہشات کا اظہار کیا۔


یہ خبر 6 جون 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔