عرب ممالک کی جانب سے قطر کے اچانک بائیکاٹ کا سبب؟
سعودی عرب اور دیگر ممالک نے دوحہ سے سفارتی تعلقات عرب-امریکا-اسلامک سمٹ اجلاس کے 2 ہفتے بعد کیا۔
دنیا کے کئی ممالک اور خاص طور پر اسلامی ملک 5 جون کو اچانک اس وقت حیران رہ گئے، جب سعودی عرب کے بعد چند دیگر عرب ممالک نے بھی قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا۔
مشرق وسطیٰ کے زیادہ تر عرب ممالک کی جانب سے ایک عرب ملک سے سفارتی تعلقات کے ختم ہونے پر دیگر اسلامی ممالک کی حکومتیں پریشان ہوئی ہوں یا نہیں لیکن عوام ضرور پریشان ہوئے۔
سعودی عرب کے خبر رساں ادارے نے 5 جون کو اپنی خبر میں بتایا کہ سعودی حکومت نے اپنے اتحادی قطر کے ساتھ دہشت گردوں کی مبینہ معاونت کرنے کے باعث سفارتی تعلقات ختم کیے۔
سعودی حکومت نے الزام عائد کیا کہ 'قطر نے خطے کے امن و استحکام کو متاثر کرنے کے لیے مسلم برادرہڈ، داعش اور القاعدہ جیسے دہشت گرد اور فرقہ وارانہ گروپوں کی حمایت کی اور میڈیا کے ذریعے ان کے پیغامات اور اسکیموں کی تشہیر کی'