پاکستان

کوہستان: دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے 3 بہنیں ڈوب گئیں

تینوں بہنیں شدید گرمی کے باعث دریائے سندھ نہانے گئی تھیں، ایس ایچ او داسو

اَپر کوہستان کے علاقے داسو کے قریب دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے 3 بہنیں ڈوب گئیں۔

اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) داسو عبدالحق ہاشمی نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ’تینوں بہنیں شدید گرمی کے باعث دریائے سندھ نہانے گئی تھیں، جہاں ایک بہن اچانک غائب ہوگئی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’نہاتے ہوئے غائب ہونے والی بہن کی جان بچانے کے لیے دیگر دو بہنوں نے بھی دریا میں چھلانگ لگائی لیکن وہ بھی دریا کی تیز موجوں کی نذر ہوگئیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے لیکن اب تک کسی کی لاش نہیں نکالی جاسکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوہستان:دریائے سندھ میں چیئر لفٹ گرنے سے 4 افراد ہلاک

دریا میں ڈوبنے والی بہنوں کی شناخت 15 سالہ بی بی سائرہ، 14 سالہ بی بی صوفیہ اور 12 سالہ بی بی روخ تاج کے ناموں سے ہوئی جو داسو کے علاقے شامت خیل کے رہائشی عبدالصبور کی بیٹیاں تھیں۔

علاقے کے مقامی افراد بھی لاشیں نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں، لیکن دریا میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔

ایک مقامی شخص نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ داسو کے شہریوں کے لیے یہ عام بات ہے کہ وہ ماہ رمضان میں سخت گرمی کو شکست دینے کے لیے دریا کا رخ کرتے ہیں۔