راولپنڈی: 'رمضان کا احترام' نہ کرنے پر 4 افراد گرفتار
راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں احترام رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی پر 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
واضح رہے کہ اس آرڈیننس کے تحت ماہ رمضان کے دوران روزے کے اوقات میں لوگوں کے عوامی مقامات پر کھانے پینے اور سگریٹ نوشی پر پابندی ہے۔
اس بل کے تحت ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کو بھی روزے کے اوقات میں کھانا فروخت کرنے کی اجازت نہیں۔
مزید پڑھیں: سینیٹ قائمہ کمیٹی: احترام رمضان سے متعلق بل کی منظوری
پولیس کے مطابق انہوں نے گشت کے دوران راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں المدینہ برنی شاپ نامی دکان کو کھانا فروخت کرتے دیکھا۔
پولیس کے مطابق دکاندار 4 افراد کو کھانا فروخت کررہا تھا جن کے خلاف احترام رمضان آرڈیننس کی دفعہ 4 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
خیال رہے کہ اس آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو 3 ماہ قید اور 500 روپے جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ خبر 3 جون 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔