عامر ذکی، پاکستان کے سب سے بڑے گٹار ہیرو
مجھے عامر ذکی سے اپنی پہلی ملاقات پوری طرح تو یاد نہیں، مگر مجھے اتنا یاد ہے کہ وہ ہمارے اسکول آئے تھے۔ اس وقت میں بہت، بہت چھوٹا تھا۔
انہوں نے ایک اکوسٹک گٹار پر 'میرا پیار' گایا تھا، اور میں فوراً جان گیا تھا کہ مجھے کیا چاہیے۔ مجھے گٹار چاہیے تھا۔ میں ان کی طرح گٹار بجانا چاہتا تھا۔ میں بھی کتنا انجان تھا۔
کئی سال بعد، 10-2009 میں میں کالج میں 'اسپون فل' نامی ایک بلیوز راک بینڈ کا حصہ تھا۔ کسی نے ہمیں بتایا کہ ذکی اپنے ساتھ گٹار بجانے کے لیے کچھ لوگوں کو ڈھونڈ رہے تھے۔ وہ دوبارہ پرفارم کرنا شروع کرنا چاہتے تھے۔ اس دوست نے انہیں میرے بینڈ کے بارے میں بتایا۔
ذکی نے خوشدلی سے ہمارے ساتھ ایک سیشن کرنے کی حامی بھر لی۔ وہ اپنے ساتھ ایک چھوٹا رولینڈ ایمپلی فائر لائے تھے۔
مگر ذکی کو بڑے ایمپلی فائر کی ضرورت بھی نہیں تھی۔ انہیں کسی پیڈل یا پراسیسر کی بھی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے اپنا الیکٹرک گٹار ایمپلی فائر سے منسلک کیا اور ہمارے ہوش اڑا دیے۔