پاکستان

گلگت بلتستان میں غیرملکی سیاحوں کی آمد پر پابندی ختم

حکومت نے غیر ملکی سیاحوں پر گلگت بلتستان کی سیاحت کے لیے این او سی کی پابندی ختم کردی۔

حکومت نے غیر ملکی سیاحوں پر گلگت بلتستان کی سیاحت کے لیے این او سی کی پابندی ختم کردی۔

سینیٹ اجلاس کے دوران وزیر مملکت بلیغ الرحمٰن نے بتایا کہ غیر ملکی سیاحوں کو اب گلگت بلتستان جانے کے لیے این او سی درکار نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ غیرملکی سیاحوں پر این او سی کی پابندی 22 مئی کو ختم کی گئی.

بلیغ الرحمان نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ گلگت بلتستان حکومت کی درخواست پر پابندی ختم کی گئی، تاہم گلگت بلتستان حکومت کو سیاحتی سینٹر قائم کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ این او سی کی شرط غیر ملکی سیاحوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے لگائی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: این او سی کے بغیر غیر ملکی سیاحوں کے گلگت جانے پر پابندی

28 اپریل 2017 کو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزارت سے این او سی حاصل نہ کرنے والے غیر ملکی سیاحوں کے گلگت بلتستان کا دورہ کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے گلگت بلتستان کو بھیجے جانے والے خط میں آگاہ کیا گیا تھا کہ غیر ملکی افراد وزارت سے کلیئرنس یا این او سی لیے بغیر گلگت بلتستان کا رخ کررہے ہیں جو قوانین کے خلاف ہے۔

تاہم گذشتہ ماہ مئی میں وزیر داخلہ نے اس پابندی کو ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔

چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان جانے والے سیاحوں کیلئے این او سی کی پابندی ختم کی جارہی ہے، اب سیاح بغیر این او سی کے گلگت بلتستان جا سکتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا تھا کہ تاہم بین الاقوامی این جی اوز، غیر ملکی افراد، ریسرچر اور کسی خاص منصوبے پر کام کے لیے این او سی کی ضرورت ہوگی۔

انہوں نے کہا تھا ماضی میں یہ اقدام سیکیورٹی صورت حال بہتر بنانے کے لیے اٹھایا گیا تھا، لیکن اداروں کی مشاورت کے بعد اب سیاحوں کیلئے این او سی کی پابندی کے فیصلے میں تبدیلی کی گئی۔

2018 میں اندھیروں کا مکمل خاتمہ

دوسری جانب سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر جاوید عباسی نے دعویٰ کیا کہ 2018 میں اندھیروں کا مکمل خاتمہ کردیں گے، ’لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا اور اس پر قائم ہیں‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آنے والی جنریشن لوڈشیڈنگ کا نام بھی بھول جائے گی۔

سینیٹر جاوید عباسی نے بتایا کہ 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں لائیں گے۔