کھیل

افغانستان کا پاکستان سے کرکٹ تعلقات ختم کرنے کا اعلان

پاکستان اور افغانستان ٹی20 سیریز پر غور کر رہے تھے، لیکن کابل دھماکے کے بعد افغان بورڈ نے سیریز کھیلنے سے انکار کردیا۔

کابل: افغانستان کرکٹ بورڈ نے نے کابل میں دھماکے کے بعد پاکستان کےساتھ دوستانہ میچز کی سیریز منسوخ کرتے ہوئے کرکٹ تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹی20 سیریز کے انعقاد پر بات چیت جاری تھی لیکن آج کابل میں ہونے والے بم دھماکوں کے بعد افغان کرکٹ حکام نے پاکستان سے سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں جرمن سفارت خانے کے قریب کار بم دھماکے کے نتیجے میں 90 افراد ہلاک اور 400 افراد زخمی ہوگئے۔

مزید پڑھیں: افغان دارالحکومت میں کار بم دھماکا، 90 افراد ہلاک

افغان کرکٹ بورڈ نے ٹوئٹر پیغام میں سیریز کی منسوخی سے آگاہ کیا۔

افغان بورڈ نے کابل میں دھماکے کے بعد پاکستان کےساتھ سیریز کھیلنےسے انکار کیا ہے اور پیغام میں مزید کہاکہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات کو بھی ختم کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی ملک نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا ہو بلکہ اس سے قبل پڑوسی ملک بھارت پاکستان پر دہشت گردی کی سرپرستی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سیریز کھیلنے سے انکار کر چکا ہے۔