ملٹی میڈیا

رمضان اپنی خوشیاں دوسروں کے ساتھ بانٹنے کا مہینہ

پاکستان کے بڑے شہروں کے روڈوں پر ہر سال کی طرح اس سال بھی ’روڈ افطاری‘ کے مناظر دیکھنے کو ملے۔

ویسے تو عبادات کرنے کی کوئی قید نہیں، زندگی کے ہر پل میں کی جانے والی اچھائی کے بدلے اجر ملتا ہی، تاہم کچھ ایام اور مہینوں میں نیکی اور اچھائی کرنے کا اجر زیادہ ہوتا ہے۔

ماہ مبارک کا آغاز ہوتے ہی جہاں ملک بھر کی مسجدوں میں رونقیں بڑھ گئیں، وہیں پاکستان کے بڑے شہروں کے روڈوں پر بھی ہر سال کی طرح اس سال بھی ’روڈ افطاری‘ کے مناظر دیکھنے کو ملے۔

کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت دیگر بڑے شہروں میں بھی مخیر حضرات کی جانب سے روڈ افطاری کا اہتمام کیا جاتا ہے، تاکہ اپنی منزل کی جانب سفر کرنے والے روزہ دار راستے میں افطار کرسکیں۔

روڈ افطاری کا زیادہ تر اہتمام ملک کے سب سے بڑے اور صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کیا جاتا ہے، جہاں کی آبادی 2 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔

مخیر حضرات یا پھر سماجی اداروں کی جانب سے کراچی کے طویل اور مصروف روڈوں کی فٹ پاتھ یا کناروں پر افطاری کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

لاہور اور اسلام آباد میں بھی ایسی افطاریوں کا اہتمام ہوتا ہے۔

روڈ افطاری سے ان روزہ داروں کو زیادہ فائدہ ہوتا ہے، جو افطاری کے وقت تک گھر یا اپنی منزل تک نہیں پہنچ پاتے۔

ماہ مبارک میں مخیر حضرات روڈ افطاری سمیت عوامی مقامات اور پارکس میں بھی خصوصی افطاری کا اہتمام کرتے ہیں، جب کہ لوگ انفرادی سطح پر بھی ایک دوسرے کے لیے افطار پارٹی کا اہتمام کرتے ہیں۔