سلمان خان نے فواد خان کی جگہ لے لی
پاکستانی اداکار فواد خان نے بولی وڈ کی تین فلموں میں کام کرکے ہندوستانی مداحوں کے دلوں میں جگہ بنالی، جس کے بعد انہیں اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی آفر دی گئی تھی تاہم اب ان کی جگہ سلمان خان نے لے لی ہے۔
فلم ’خوبصورت‘، ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ میں اپنی شاندار اداکاری کا مظاہرہ دکھانے والے پاکستانی اداکار کے ساتھ بولی وڈ کی ہر ہیروئن کام کرنے کی خواہش مند تھی، جس کے بعد ہدایت کار کرن جوہر نے اپنی اگلی فلم ’رات باقی‘ میں فواد اور کترینہ کو کاسٹ کیا تھا۔
مزید پڑھیں: فواد اور کترینہ کی ’پنجابی شادی‘
تاہم اُڑی حملے کے بعد سے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث فواد خان اس پراجیکٹ کا حصہ نہیں بن رہے اور ان کی جگہ اب سلمان خان کام کرتے نظر آئیں گے۔
ڈی این اے انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ’کرن جوہر کی فلم 'رات باقی' میں سلمان خان اور کترینہ کیف کام کرتے نظر آئیں گے، پہلے فواد خان کو فلم کے لیے سائن کیا گیا تھا، تاہم ہندوستان میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے باعث فلم ساز نے سلمان خان کو کاسٹ کیا‘۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان اور فواد کی 'جگل بندی'؟
سلمان خان کو کاسٹ کیے جانے کے باعث اب اس کے اسکرپٹ کو دوبارہ تبدیل کیا جارہا ہے اور اس کی پروڈکشن پر جلد کام شروع کردیا جائے گا۔
اس فلم کی کہانی ادیتیہ دھار نے تحریر کی ہے۔
واضح رہے کہ فواد خان بہت جلد بلال لاشاری کی فلم ’مولا جٹ 2‘ میں کام کرتے نظر آئیں گے۔
رپورٹس کے مطابق فواد خان کو ہندوستان میں پابندی سے قبل کئی بولی وڈ فلموں میں کام کی آفرز دی گئی تھیں، جن میں سے ایک سلمان خان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم بھی ہے۔