دوسری شادی کرنے پر بیوی نے شوہر پر تیزاب پھینک دیا
وہاڑی: پنجاب کے شہر وہاڑی میں ایک خاتون نے مبینہ طور پر دوسری شادی کرنے پر اپنے شوہر کے اوپر تیزاب پھینک دیا جس کے نتیجے میں وہ بری طرح زخمی ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق واقعہ وہاڑی کے علاقے لڈن میں بنگلو فضل واہ میں پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق 35 سالہ عمران جو کہ مزدور ہے، اس نے چند روز قبل اپنی پہلی بیوی یاسمین کی اجازت کے بغیر اسماء نامی خاتون سے دوسری شادی کرلی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں رواں سال تیزاب سے حملے کے 42 واقعات
گزشتہ روز جب عمران واپس لڈن اپنی پہلی بیوی کے پاس آیا تو دونوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا اور اسی اثناء میں یاسمین نے عمران پر تیزاب پھینک دیا۔
تیزاب کی وجہ سے عمران کے جسم کا کچھ حصہ بری طرح جھلس گیا جبکہ اسے فوری طور پر نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیا۔
وہاڑی صدر کے ڈی ایس پی عمران رشید نے ڈان کو بتایا کہ عمران کا جسم 40 فیصد تک جھلس چکا ہے۔
مزید پڑھیں: تیزاب گردی: سزائیں ملنے کے تناسب میں اضافہ
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ شخص کی فیملی یاسمین کے خلاف مقدمہ درج نہیں کرانا چاہتی، عمران نے یاسمین سے 12 برس قبل شادی کی تھی اور ان دونوں کی ایک 10 سالہ بیٹی بھی ہے۔
یہ خبر 24 مئی 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی