لائف اسٹائل

مہرین جبار کی ٹی وی پر 2 ٹیلی فلمز کے ساتھ واپسی

پاکستانی ہدایت کارہ رواں سال دو ٹیلی فلمز پر کام کررہی ہیں جنہیں عید پر ریلیز کیا جائے گا۔

کامیاب پاکستانی پروڈیوسر اور ہدایت کارہ مہرین جبار بہت جلد ٹیلی فلمز کے ساتھ واپسی اختیار کرنے جارہی ہیں۔

مہرین جبار نے 'رام چند پاکستانی' اور 'دوبارہ پھر سے' جیسی فیچر فلمیں بنائیں اور اب وہ دوبارہ ٹیلی فلمز بنائیں گے جہاں سے انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے مہرین جبار نے اپنی اPن ٹیلی فلمز کے حوالے سے بات کی جن پر وہ کام کرنے جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا ’دو ٹیلی فلمز سیونتھ اسکائے کمپنی کی جانب سے پروڈیوس کی جارہی ہیں، ان میں سے ایک کی کہانی ڈاکٹر محمد یونس بٹ نے تحریر کی، جبکہ دوسری محمد احمد صاحب نے لکھی ہے، یہ دونوں ایک دوسرے سے کافی منفرد ہیں‘۔

مہرین جبار نے یونس بٹ کی کہانی پر کام کا آغاز کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا، ’پہلی فلم جس کی میں شوٹنگ کررہی ہوں اس میں فیروز خان، ثناء جاوید، شمیم ہلالی، علی انصاری اور ہاشم بٹ کام کرتے نظر آئیں گے، میں اسے رومانوی اور کامیڈی فلم تو نہیں کہوں گی تاہم یہ تفریح سے بھرپور ہوگی، میں نے اس طرح کی کہانی پر پہلے کام نہیں کیا اس لیے میں کافی پرجوش ہوں‘۔

اپنی دوسری ٹیلی فلم کے حوالے سے ہدایت کارہ نے بتایا ’یہ ایک فیملی ڈرامہ ہے، جس میں دو بڑی عمر کے جبکہ ایک نوجوان جوڑا کو دکھایا جائے گا، اس کی شوٹنگ میری پہلی فلم کی شوٹنگ ختم ہونے کے بعد شروع ہوگی‘۔

مہرین جبار کو امید ہے کہ ان کی یہ دونوں فلمیں کامیاب ثابت ہوں گی، انہوں نے کہا ’مجھے لگتا ہے کہ ٹی وی پر واپسی اختیار کرنے کے لیے ٹیلی فلمز بنانا اچھا فیصلہ ہے، میں نے ایسے ہی اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، میں اس سال ڈرامے بھی بناؤں گی اور ان پر کام کا آغاز ان ٹیلی فلمز کے بعد ہوگا‘۔

ان ٹیلی فلمز کے علاوہ اپنے دوسرے پراجیکٹس کے بارے میں مہرین جبار نے بتایا، ’میں اس سال دو ڈراموں میں کام کروں گی، اس کے علاوہ کچھ اور فلمیں بھی ہیں، ابھی ہم صرف پلاننگ کررہے ہیں‘۔

مہرین کی ان دونوں ٹیلی فلمز کی ریلیز رواں سال عید پر متوقع ہے۔