جیمز بانڈ سیریز کے جاسوس چل بسے
لندن: مشہور فلم سیریز جیمز بانڈ کی کم سے کم 7 فلموں میں ایک جاسوس کا کردار ادا کرنے والے برطانوی اداکار راجر مور 89 برس کی عمر میں چل بسے۔
راجر مور کو کینسر کا مرض لاحق تھا، وہ گزشتہ کچھ عرصے سے زیر علاج تھے، ان کا انتقال سوئٹزرلینڈ میں ہوا، جب کہ ان کی آخری رسومات مناکو میں ادا کی جائیں گی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سر راجر مور کے اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئیٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ جیمز بانڈ سیریز کے مشہور ہیرو اب اس دنیا میں نہیں رہے۔
یہ بھی پڑھیں: جیمز بونڈ کے کردار کیلئے 10 کروڑ ڈالر ٹھکرادیے
جیمز بانڈ سیریز کی اب تک 24 سے زائد فلمیں آچکی ہیں، اس سیریز کی پہلی فلم ’ڈاکٹر نو‘ 1962 میں ریلیز ہوئی، جب کہ اس سیریز کی آخری فلم سپیکٹر 2015 میں ریلیز ہوئی۔
اداکار راجر مور نے سیریز کی کم سے کم 7 فلموں میں جاسوس کا کردار ادا کیا، انہوں نے جن فلموں میں کام کیا ان میں ’لو اینڈ لیٹ ڈائی‘ اور ’دی اسپائی ہو لوڈ می‘ شامل ہیں۔
راجر مور کو ان کی سماجی خدمات کے عوض برطانوی حکومت نے 2013 میں ’سر‘ کا خطاب بھی دیا، جب کہ انہوں نے 1991 سے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے ساتھ 12 سال تک کام کیا۔