کھیل

عمر اکمل کی ناقص فٹنس: این سی اے ٹیسٹ کے معیار پر سوالات کھڑے

عمراکمل کو چیمپیئنزٹرافی کیلئےپاکستانی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا،تاہم برمنگھم میں وہ فٹنس ٹیسٹ پاس کرنےمیں ناکام رہے۔

لاہور: فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہونے کے باعث بیٹسمین عمر اکمل کی انگلینڈ میں ہونے والی چیمپینئز ٹرافی سے بے دخلی کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے فٹنس ٹیسٹ کے معیار پر سوالات کھڑے ہوگئے۔

انگلینڈ میں ٹیم مینجمنٹ کے اس متنازع فیصلے نے قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق اور پاکستان کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے درمیان اختلافات پیدا کردیئے، جبکہ ٹیم مینجمنٹ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل عمر اکمل کا متبادل کھلاڑی بھیجنے کی درخواست کرچکی ہے۔

عمر اکمل کو یکم جون سے انگلینڈ کے 3 مقامات پر ہونے والے چیمپیئنز ٹرافی مقابلوں کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، تاہم برمنگھم میں پاکستان کے ٹریننگ سیشنز کے دوران وہ فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے اور سلیکٹرز نے حارث سہیل، نوجوان عمر امین اور آصف زاکر کو فٹنس ٹیسٹ کے لیے این سی اے رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی۔

مزید پڑھیں:ناقص فٹنس، عمر اکمل چیمپئنز ٹرافی سے باہر

لاہور میں ہونے والے مختصر کیمپ کے دوران ابتدا میں عمر اکمل فٹنس ٹیسٹ میں کامیاب نہیں ہوئے تھے اور انھیں دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے منتخب نہیں کیا گیا تھا تاہم بعدازاں این سی اے کے ڈاکٹر صبور نے انھیں فٹ قرار دیا اور سلیکٹرز نے عمر اکمل کو چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اسکواڈ میں شامل کرلیا۔

تاہم ڈان کو معلوم ہوا ہے کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر، جو این سی اے میں فٹنس ٹیسٹس کے دوران ویسٹ انڈیز میں تھے، نے اس بات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا، جب انھیں معلوم ہوا کہ عمر اکمل کو فٹنس ٹیسٹ میں کلیئر قرار دے دیا گیا ہے، ساتھ ہی انھوں نے پاکستان ٹیم کے ٹرینر گرانٹ لوڈن کو حکم دیا تھا کہ وہ انگلینڈ آمد پر عمر اکمل کا سیکنڈ فٹنس ٹیسٹ بھی لیں۔

اندرونی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر صبور نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کی موجودگی میں ہی فٹنس ٹیسٹ لیا تھا، جو عمر اکمل کو چیمپیئنز ٹرافی کے لیے منتخب کرنا چاہتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:خراب فٹنس کے باعث عمر اکمل کو واپس ملک بھیجنے کا امکان

دوسری جانب عمر اکمل اُس وقت بھی ایک ٖغیرضروری تنازع کا شکار ہوئے تھے، جب انھوں نے ایک ٹی وی اینکر کو بتایا کہ انھیں نہیں معلوم کہ فاسٹ باؤلر جنید خان پاکستان کپ فکسچر سے کیوں غائب ہیں، یہ بات معلوم ہونے پر جنید خان نے ایک ٹوئیٹ میں عمر اکمل کے ریمارکس پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے وہ ٹیم کے ہاسٹل تک محدود ہوکر رہ گئے تھے۔

انکوائری کے بعد عمر اکمل اور جنید خان کو وارننگ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے رویہ بہتر بنائیں، دوسری صورت میں انھیں ایک ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ جنید خان چیمپیئنز ٹرافی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

تاہم قیاس کیا جارہا ہے کہ عمر اکمل کے حوالے سے موجودہ تنازع انضمام الحق اور مکی آرتھر کے درمیان تناؤ کا باعث بن سکتا ہے۔


یہ خبر 23 مئی 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی