تیسرا انعام کپ:محمد منیر کیوکیشن کراٹےکےقومی چیمپئن قرار
کراچی: سندھ اسپورٹس بورڈ سے تعلق رکھنے والے محمد منیر نے لیاری میں قائم کے پی ٹی کمپلکس میں ہونے والے تیسرے انعام کپ میں ہیوی ویٹ کا فائنل جیت کر نیشنل چیمپئن کا ٹائٹل حاصل کرلیا۔
یہ مقابلہ کیوکیشن کراٹے اسٹائل کو پاکستان میں متعارف کرانے والے بانی شیہان انعام اللہ خان (مرحوم) کے نام سے موسوم کیا گیا تھا، جو دنیا کے اس منفرد اسٹائل کے پاکستان میں ایک لیجنڈ تصور کیے جاتے ہیں۔
تیسرے انعام کپ کے آرگنائزر شیہان ہدایت اللہ خان نے کراچی میں اوپن نیشنل کراٹے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جس میں ملک بھر سے مختلف صوبوں اور شہروں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
ان ٹیموں میں کراچی کی متعدد ٹیمیں شامل تھیں اس کے علاوہ خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد کے مختلف کھلاڑیوں نے اس ایونٹ میں حصہ لیا۔
ایونٹ کے دوران فل باڈی کونٹیکٹ کے فائٹرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کئی منفرد مقابلے دیکھنے کو ملے۔