پشاور سینٹرل جیل میں قیدیوں کیلئے ’تعلیم بالغاں‘ کلاسز کا آغاز
یہ پروگرام محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا اور دبئی کی ایک این جی او کی جانب سے مشترکہ طور پر شروع کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے قیدیوں کو بنیادی تعلیم دے کر انہیں بہتر شہری بنانے کے لیے پہلی بار پشاور سینٹرل جیل میں کنٹینر اسکول کے ذریعے ’تعلیم بالغاں‘ کی کلاسز کا آغاز کردیا۔
’خواندگی اور غیر رسمی تعلیم‘ کے نام سے یہ پروگرام خیبر پختونخوا کے الیمنٹری اور سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور دبئی کی ایک این جی او کی جانب سے مشترکہ طور پر شروع کیا گیا ہے۔
پشاور کی سینٹرل جیل میں صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان نے پروگرام کا افتتاح کیا۔
جیل میں اس سہولت کی ضرورت سے متعلق بات کرتے ہوئے عاطف خان نے صحافیوں کو بتایا کہ ’قیدیوں کو نظر انداز کیا جارہا تھا اور انہیں جیل میں کوئی سہولت میسر نہیں تھی، جبکہ اس پروگرام کا مقصد قیدیوں کو بنیادی تعلیم فراہم کرکے انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانا ہے۔‘