لائف اسٹائل

عرفان خان کی اگلی فلم ’موتھ اسموک‘

فلم پاکستانی ناول نگار محسن حامد کےناول ’موتھ سموک‘پر بنائی جائے گی جس کی ہدایات آسکر ایوارڈ یافتہ آصف کپاڈیا دیں گے۔

پاکستانی ناول نگار محسن حامد کے پہلے ناول ’موتھ اسموک‘ پر فلم بنانے کا ارادہ کیا جارہا ہے جس میں بولی وڈ اداکار عرفان خان مرکزی کردار ادا کریں گے۔

ورائٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق اس فلم کی ہدایات آصف کپاڈیا دیں گے، جنہوں نے آسکر ایوارڈ یافتہ ڈاکیومنٹری فلم ’ایمی‘ بھی ڈائریکٹ کی تھی۔

فلم ’موتھ اسموک‘ میں عرفان خان ’داراشکوہ شہزاد‘ نامی شخص کا کردار ادا کریں گے جو اپنے امیر دوست ’اورنگزیب‘ کے لاہور منتقل ہونے کے بعد مالی بحران کا سامنا کرتا ہے، جس کے بعد داراشکوہ شہزاد اپنے دوست اورنگزیب کی اہلیہ کے ساتھ افیئر چلاتا ہے۔

فلم کی مکمل کاسٹ کے لیے اب تک کسی اور اداکار کو منتخب نہیں کیا گیا تاہم چند ماہ میں انہیں کاسٹ کرلیا جائے گا۔

اس حوالے سے بولی وڈ اداکار عرفان خان کا کہنا تھا ’میں کب سے ایسے کسی پراجیکٹ کا انتظار کررہا ہوں جس میں، میں دوبارہ آصف کے ساتھ کام کرسکوں، اس کہانی نے ہم دونوں کو متاثر کیا، امید ہے اس فلم کو اس دور کے حوالے سے ہی بنایا جائے گا‘۔

خیال رہے کہ آصف کپاڈیا اور عرفان خان ایک ساتھ 2001 کی فلم ’دی واریئر‘ میں کام کرچکے ہیں۔

ابھی تک اس بات کا بھی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ فلم کی شوٹنگ ہندوستان یا پاکستان میں سے کس جگہ کی جائے گی۔

اس حوالے سے فلم کی پروڈیوسر دینا دتانی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے اب تک اس بات کا فیصلہ نہیں کیا گیا، جگہ کے بارے میں اس وقت سوچنا قبل از وقت ہوگا، ہم فلم کی شوٹنگ کے لیے پاکستان اور ہندوستان دونوں پر غور کریں گے‘۔

واضح رہے کہ ’موتھ اسموک‘ محسن حامد کا دوسرا ناول ہے جسے فلم کی شکل دی جائے گی، اس سے قبل ان کے ناول ’دی ریلکٹنٹ فنڈیمنٹلسٹ‘ پر بھی فلم بنائی جاچکی ہے جس کی ہدایات میرا نئیر نے دیں جبکہ رضوان احمد نے اس میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔